نئی دہلی، 23 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ڈی ایس ہڈا کو کانگریس کی جانب سے قومی سلامتی پرمشاورت تیار کرنے کی ذمہ داری دئے جانے کو لے کر وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے حملے پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے ہفتہ کو طنز کیا اور کہا کہ بی جے پی کو کسی کے مشورہ کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس کے پاس نریندر مودی ہیں۔سابق وزیر خزانہ نے ٹویٹ کرکے کہاکہ جیٹلی جی نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ہڈا سے قومی سلامتی پر مشورہ دینے پر زور دینے کو لے کر کانگریس پر نشانہ لگایا ،پر انہیں یہ بھی کہنا چاہیے تھا کہ بی جے پی کو کسی مشورہ کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس کے پاس مودی جی ہیں۔ چدمبرم نے کہا کہ بی جے پی کو آر بی آئی کی قیادت کرنے کے لئے رگھو رام راجن جیسے شخص کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس کے پاس مودی جی ہیں،بی جے پی کو قومی اعداد و شمار کمیشن کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس کے پاس مودی جی ہیں۔اصل میں بی جے پی کو کابینہ کی ضرورت نہیں کیونکہ اس کے پاس مودی ہیں۔ دراصل جیٹلی نے جمعہ کو کانگریس پر چٹکی لیتے ہوئے کہا تھا کہ ہڈا کی خدمت لینے کے قدم سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس پارٹی دیر سے ہی سہی لیکن سرجیکل اسٹرائک کئے جانے کی بات مان رہی ہے۔غور طلب ہے کہ ہڈا سرجیکل اسٹرائیک کے وقت فوج کی شمالی کمان کے سربراہ تھے اور اس مہم کی نگرانی کر رہے تھے۔